نالندہ،23؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بہار کے نالندہ ضلع میں ایک نابالغہ لڑکی کی لاش برآمد ہونے سے سنسنی پھیل گئی ہے۔ سنسان جگہ پر لاش ملنے کے بعد لوگوں نے شک ظاہر کیا ہے کہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے بعد اس کا قتل کر دیا گیا ہے۔ فی الحال پولیس پورے معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
چھویلاپور تھانہ علاقہ مالیسا گڑھ گاوں میں اس وقت ہنگامہ ہو گیا جب گھومنے نکلے لوگوں کو وہاں نو نمبر گیٹ کے نیچے ایک لڑکی کی لاش نظر آئی۔ لاش دیکھتے ہی لوگوں کے ہوش اڑ گئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ لوگوں نے معاملہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ وہیں دوسری جانب پولیس پورے معاملہ کی تحقیقات میں لگ گئی ہے۔ اس معاملہ میں تھانہ انچارج کا ماننا ہے کہ اس لڑکی کو کہیں دوسری جگہ پر قتل کر کے لاش کو یہاں لا کر پھینک دیا گیا ہے۔